اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے کراچی میں لیگی رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت کر دی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے، گرین لائن بس منصوبہ مسلم لیگ ن کا تھا، عمران خان کو شکر ادا کرنا چاہیے تین سال تختیاں لگانے کا موقع ملا، موجودہ حکومت نے ہر شعبے کو کرپشن سے آلودہ کر دیا۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے کارکن نواز شریف کے منصوبے کا افتتاح کرنے گئے تھے، پرامن کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے، ہمارے پر امن کارکنوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں، لاٹھیاں برسائی جائیں گی تو سیالکوٹ جیسے واقعات ہوں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو علم ہے کون جھوٹ بول رہا ہے، جب کوئی چوری پکڑی جاتی ہے تو کمیشن بنا دیا جاتا ہے، وزیراعظم جس چیز کا نوٹس لیتے ہیں وہ مہنگی ہو جاتی ہے، موجودہ حکومتی دور میں 55 لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے، بجلی کا یونٹ نواز شریف دور میں 11 اور آج 29 روپے کا ہے، وزیراعظم کہتے ہیں پاکستان دنیا میں سستا ترین ملک ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو تختیاں لگانے اور افتتاح کرنے کا شوق ہے، گرین لائن منصوبے سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، تین ماہ کا کام ساڑھے تین سال میں مکمل ہوا، ملک میں اس وقت جمہوریت ہے نہ پارلیمان۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو کارروائی براہ راست دکھائی جائے، اپوزیشن کو دبانے کیلئے جھوٹے ریفرنس بنائے جاتے ہیں، سب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ کیا چیئرمین نیب کو جعلی ریفرنسز بنانے کا جواب نہیں دینا پڑے گا، چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر کام کرتے ہیں، نام نہاد احتساب کرنیوالوں کا بھی احتساب دیکھیں گے، ایک نہ ایک دن انصاف ضرور ہوگا۔