اسلام آباد: (دنیا نیوز) 1971 کی پاک بھارت جنگ میں انفینٹری ڈویژن کے کمانڈر میجر جنرل افتخار جنجوعہ نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔ چھمب کے علاقے کی فتح میں ان کا کردار نمایاں تھا۔
1971 میں چھمب کے ارد گرد شدید لڑائی تھی، میجرجنرل افتخار جنجوعہ کی قیادت میں پاک فوج نے مانڈیا والا پر قبضہ کیا اور پھر 9 دسمبر 1971 کو پاکستانی افواج میجر جنرل افتخار جنجوعہ کی نگرانی میں چھمب کے آس پاس کے علاقے میں داخل ہوئیں۔
اسی روز جب وہ اپنے فوجیوں کو ہدایات دینے کے لیے فضاء میں موجود تھے تو ہندوستانی فوج نے ان کا ہیلی کاپٹر مار گرایا، میجرجنرل افتخار جنجوعہ بری طرح جھلس گئے اور انہیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کھاریاں کینٹ منتقل کیا گیا لیکن وہ جام شہادت نوش کر گئے۔
پاکستان کی مسلح افواج کو اپنے اس بہادر کمانڈر پر فخر ہے، بلاشہ وہ پاک فوج کے افسران کی لیڈ فرام دی فرنٹ روایت کے سرخیل تھے اور یہ جذبہ آج بھی پوری قوت کیساتھ قائم و دائم ہے۔