رحیم یار خان:(دنیا نیوز)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیلنج یہ ہے کہ اگر ہم نے بے حسی کا مظاہرہ کیا تو پھر پاکستان کی بقا کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا، ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
مرکزی امیر جمعیت علماء اسلام(ف) و سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے خان پور سٹیڈیم میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلی حکومت ملک کو موجودہ بحرانوں سےکیسے اٹھائے گی ،ہم قوم میں شعور بیدار کرنے نکلے ہیں کوئی خفا ہوتا ہے تو ہو جائے ،آپ ڈٹ جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ صاحب اگر کوئی ایجنٹ بھیجنا تھا تو عقل والا تو بھیجتے ،نالائق اور نااہل شخص کو ایجنٹ بنا کر پاکستان ہر مسلط کر دیا ہے ،جب سے یہ حکمران آیا ہے ملکی معیشت کا تخمینہ زیرو فیصد رہ گیا ہے جبکہ پاکستان کی جعلی کابینہ نے اس بات کی منظوری بھی دے دی ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹیٹ بنک کو ہمیں بیرونی اداروں کا غلام بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے پورے ملک کا کہا حشر کر دیا ، عام آدمی بے بس ہو کر خودکشیاں کر رہا ہے،پڑوسیوں سے بھیک مانگنے پر لوگ مجبور ہیں ،ماں باپ اپنے بچوں پر برائے فروخت کے بینر لگانے پر مجبور ہیں جبکہ ظالم حکمرانوں کے مقابلے میں اگر ہم نے بے حسی کا مظاہرہ کیا تو پھر پاکستان کی بقا کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا ۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم جو جنگ لڑ رہے ہیں وہ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے،ہم نے پہلے ہی کہا تھا یہ یہودی ایجنٹ ہے ، یہ مغربی تہذیب کا نمائندہ ہے اور آج سب اس بات کو مان رہے ہیں۔