کراچی: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کو بحیرہ عرب میں غرق نہ کیا تو ملکی بقا خطرے میں ہوگی، اسلام آباد تک جائیں گے، نااہلوں کو بھگا کر دم لیں گے۔
کراچی میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاجی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو بحیرہ عرب میں غرق نہیں کیا تو ملکی بقاء کا سوال بنے گا۔ حکمران کبھی سعودی عرب، کبھی چین سے بھیک مانگ رہے ہیں، پاکستان تنہائی کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہر جگہ موجودہ حکمرانوں کے ہاتھوں قوم کی بدنامی ہو رہی ہے، موجودہ حکمرانوں کو قوم پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں، نوجوان، مزدور، چھوٹا دکاندار اور ہر کاروباری آدمی مایوس ہے۔ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے، قوم کی رسوائی کا سبب بننے والوں کو حکمرانی کا حق حاصل نہیں۔ 22کروڑ عوام کی دنیا بھر میں رسوائی ہو رہی ہے، ہم بھیک مانگ کر دن رات گزار رہے ہیں، تاریخ گواہ ہے جہاں اقتصادی بحران آیا وہاں بغاوت نے جنم لیا۔ معیشت مستحکم ہوں تو قومیں مضبوط ہوتی ہیں، یہ حکومت چوری کے ووٹ سے آئی ہے
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے تنگ عوام نے بچے فروخت کرنا شروع کر دیئے، پارلیمنٹ لاجز کے سامنے لوگوں نے بچے برائے فروخت رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں ایک بات پر متفق ہیں کہ آئین کی بالا دستی ہو،پی ڈی ایم اقتدار نہیں چاہتی، پی ڈی ایم پاکستان کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے، پی ڈی ایم وہ تحریک ہےجوآئین کی بالادستی کی بات کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم کہتا ہے لندن میں مہنگائی ہے، ہم لندن میں نہیں ہیں، ملک میں بجلی کے ریٹ تین گناہ بڑھ چکے ہیں، گیس کمی کی نئی نوید سنائی گئی ہے، سردیوں میں تین وقت گیس ملے گی۔ آج پاکستان جس مشکل میں ہے اس کی وجوہات کااظہارکیاجائے، تمام ادارے اپنی آئینی حدودمیں رہیں، ملک میں پریشانی ایک وجہ 2018 کےانتخابات کی چوری ہے۔
اس موقع پر محمود اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ایک خاص مقصدکےلیےبنایاہے، دنیامیں کوئی ملک آئین وقوانین کےبغیر نہیں چل سکتا۔