اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ہو، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پی ڈی ایم بار بار ناکامیوں کے باوجود ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دو سال قبل آج ہی کے روز 13 نومبر 2019ء کو حکومت کے خلاف اپنا دھرنا ناکامی کے بعد ختم کیا تھا، لانگ مارچ ہو، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کے پلان اے، بی سی ناکام ہوگئے تھے، جو بیانات اب دے رہے ہیں اسی قسم کے بیانات اس سے قبل انہوں نے دیئے تھے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ان سیاسی بے روزگاروں کے پلے کچھ نہیں رہا، صرف نعرے لگا سکتے ہیں، پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے، اس کا کام عوام کو صرف دھوکا دینا ہے، پی ڈی ایم اور فضل الرحمان پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں، مولانا پہلے بھی لانگ اور شارٹ مارچ کا ناکام تجربہ کر چکے ہیں، عوام پہلے بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئے تھے اور اب بھی نہیں آئیں گے، مولانا سردیوں کی ایکٹیویٹی کا شوق پورا کرلیں، پی ڈی ایم کو مشورہ ہے وہ دو سال الیکشن کا انتظار کرے اور پھر 5 سال مزید انتظار کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگلی حکومت انشاءاللہ عمران خان کی ہی ہوگی، مولانا کی ہر حکومت میں شامل ہونے والی چابی کو زنگ آلود ہو چکی ہے، جب ان کی دال نہیں گلی تو وہ احتجاجی طریقوں سے اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، چوری بچانے کے لئے اپوزیشن ایک دوسرے کے کندھوں کا سہارا لے رہی ہے، پہلے بھی ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپ چکے ہیں، پی ڈی ایم بار بار ناکامیوں کے باوجود ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم کا ملکی سیاست میں اب کوئی کردار باقی نہیں رہا، وزیراعظم نے کرپٹ ٹولے کی اصلیت عوام کو دکھا دی ہے،عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں،، قوم کو وزیراعظم کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے۔