پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں سیف سٹی پراجیکٹ تو سالہا سال گزرنے کے بعد بھی شروع نہ ہو سکا تاہم میگا منصوبے بی آرٹی کی راہداری پر نصب 700 سے زائد کیمروں سے روٹ سمیت گرد ونواح کی مانیٹرنگ کی جانے لگی۔
خیبرپختونخوا کا میگا پراجیکٹ بی آر ٹی اب سکیورٹی کے فرائض بھی سرانجام دینے لگا، بی آر ٹی روٹ پر 360 ڈائمنشنل کیمرے نصب کر دیئے گئے۔ پشاور میں سالہا سال گزرنے کے باوجود سیف سٹی پراجیکٹ تو شروع نہ کیا جا سکا تاہم بی آر ٹی میں نصب کیمروں سے ہی سرویلنس کا کام لیا جانے لگا، حکام کے مطابق بی آر ٹی روٹ پر چمکنی سے لیکر حیات آباد اور کارخانوں سے 720 سے زائد کیمرے نصب کیے جاچکے ہیں۔
شہریوں نے بھی بی آر ٹی روٹ پر سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کو خوب سراہا، ان کا کہنا ہے کہ کیمروں کی تنصیب حکومت کا اچھا قدم ہے تاہم جرائم کو روکنے کےلیے شہر بھر میں سکیورٹی کیمروں کا ہونا ضروری ہے۔
شہر میں بی آر ٹی میں نصب کیمروں سے جرائم سے متعلق اب تک 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو فراہم کی جاچکی ہے جس سے ملزمان کی گرفتاری میں مدد بھی حاصل ہوئی ہے۔