پشاور: (دنیا نیوز) پشاور بی آر ٹی میں معذور اور معمرافراد کے لیے سفر ناممکن بن گیا، مختلف سٹیشنوں پر معذور اور بزرگ شہریوں کے لیے انتظامات نہ ہوسکے، فلائی اوورز سٹیشنوں کے برقی زینے اور لفٹ ابتدائی چند دن چلنے کے بعد بند ہوگئے۔
پشاور بی آر ٹی کے 8 سٹیشن فلائی اوورز پر قائم ہیں جن میں ایف سی چوک، خیبر بازار، ڈبگری گارڈن، ریلوے سٹیشن، نوتھیہ، پشاور کلب، شعبہ بازار، تہکال اور دیگر شامل ہیں۔ بس تک پہنچنے کے لیے 100 فٹ اوپر جانا پڑتا ہے جس کے لیے برقی زینے اور لفٹ استعمال ہوتے ہیں تاہم دونوں ہی بند پڑے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے بچے خواتین اور بزرگوں کو مسائل کا سامنا ہے، حکومت جلد اقدامات اٹھائے۔
دوسری جانب کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برقی زینے اور لفٹ خراب نہیں بلکہ نجی کمپنی کے ذریعے چلائی جائیں گی، جس کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے، رواں ماہ ٹھیکہ دے دیا جائیگا۔ بی آر ٹی منصوبے کے آغاز پر حکام کی جانب سے 220 بسیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم تاحال صرف 128 بسوں سے کام چلایا جا رہا ہے۔