لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ محمد زبیر اور ان کی بیگم کو ویڈیو سکینڈل سے پہلے کئی بار دھمکیاں ملیں۔
ماڈل ٹاؤن میں پارٹی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا نظام ہو ملک میں انصاف ملے ایسا نظام نہ ہو کہ تین بار کے وزیراعظم کو جیل میں ڈالا۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جنید صفدر قانون کے فائنل ائیر میں ہے وہ ابھی لیگل پریکٹس کرے گا، جنید کی تو ابھی شادی ہوئی ہے، ابھی اس کا سیاست میں کوئی ارادہ نہیں، میں اور میاں صاحب سیاست کے لئے کافی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد زبیر میرے ترجمان ہیں اور رہیں گے، محمد زبیر اور ان کی بیگم کو ویڈیو سکینڈل سے پہلے کئی بار دھمکیاں ملیں۔ میرے پاس سازش کی ویڈیو موجود ہے۔ مجھے کوئی دھمکی نہیں دیتا، پہلے آئی تھی تو نوازشریف نے بھر پور جواب دے دیا تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں تو چاہتی ہوں میرے والد نوازشریف دسمبر سے پہلے آ جائیں، میں اور نواز شریف سیاست کے لیے کافی ہیں، جس نے مجھ سے لڑنا ہے وہ سیاسی طور پر لڑے۔ نواز شریف پاکستان آنے کےلئے بے تاب ہیں۔ کچھ لوگ نوازشریف کی زبان بند کرنا چاہتے ہیں۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ چئیرمین نیب توسیع کے بارے میں آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔
اُدھر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں سرسری ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مریم نواز نے شہباز شریف کو برطانوی عدالت کے فیصلے پر مبارکباد دی۔
انکل اللہ تعالیٰ نے آپکو انٹرنیشنل صادق و امین بنا دیا ہے، الحمداللہ @MaryamNSharif @CMShehbaz pic.twitter.com/TmZDe92l9o
— PML(N) (@pmln_org) September 29, 2021
ملاقات کے دوران مریم کا کہنا تھا کہ مبارک ہو، اللہ نے آپ کو عالمی صادق اور امین بنا دیا۔
اُدھر مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام لاہور ڈویژن کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت قائد ن لیگ نے کی۔ اجلاس کے دوران رانا ثنا اللہ، مریم نواز،حمزہ شہباز شریف ،احسن اقبال ،حافظ حفیظ الرحمن، جاوید لطیف، برجیس طاہر، پرویز رشید، اویس لغاری، رانا تنویر، عطا تارڑ، مریم اورنگزیب، عظمی بخاری، رانا اقبال، وسیم اختر، ذیشان رفیق ،نزہت صادق ایم این ایز،ایم پی ایز اورپارٹی عہدیدار موجود تھے۔
پارٹی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جنہوں نے کہا کہ نوازشریف صاحب کی سیاست ختم ہوگئی میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والے مجھے جواب دیں کہ حکومت کے چوتھے سال بھی آپکی ہر تقریر چاہے وہ آپکا جعلی وزیراعظم ہو اسکی ہر تقریر نوازشریف سے شروع ہو کر نوازشریف پہ کیوں ختم ہوتی ہے، انشاءاللہ نہ صرف اس جھوٹے انتقام کا جواب دینا پڑے گا کہ یہ کیوں لیا؟ بےگناہوں پہ الزامات کیوں لگائے؟ بلکہ ان جھوٹے الزامات کو ثابت کرنے کیلیے پاکستانی عوام کا جو اربوں روپیہ ملک کے اندر اور باہر جھونکا ہے پاکستانی قوم ایک ایک پائی کاحساب لے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف صاحب نے اپنی حکومت گنوا کے وزارت عظمیٰ گنوا کے پارٹی صدارت گنوا کے خاندان کے اوپر تکالیف برداشت کر کے انہوں صرف یہ کہا میرے ووٹ کو عزت دو، میرے ایم این ایز ایم پی ایز کو عزت دو اور عوام کو عزت دو اور آج اللہ تعالیٰ نے انکو سرخرو کیا ہے۔
مریم کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک ذہنی مریض کی کیفیت اختیار کرچکا ہے اس نے چاہے ایف آئی اے کو استعمال کیا، نیب کو استعمال کیا، اب وہ لوگ بھی بول اٹھے ہیں، ایف آئی اے کا سابق چیئرمین بتاتا ہے کہ مجھے اپنے آفس میں بلا کر کہتا تھے کہ شہباز شریف کو گرفتار کرو، حمزہ کو گرفتار کرو، مریم کو گرفتار کرو۔