لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ لمبی ریس کا گھوڑا ہے، پارٹی میں جہاں جہاں اختلاف ہونگے دشمن کا وار کامیاب ہو گا، اختلافات بھلا کر الیکشن لڑا تو ہمیں فتح ملی، پوری جماعت نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہوجائے تو پھرفری اینڈ فئیر الیکشن ملے گا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویژن کا اجلاس ہوا، مسلم لیگ(ن) کے پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، لیگی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سینئر رہنما احسن اقبال، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق، جمال کاکڑ،اویس لغاری ،حنیف عباسی، مشتاق منہاس، عطا تارڑ، طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ الحمد للہ ایک بار پھر میاں نواز شریف اور شہبازشریف سرخرو ہوئے ہیں، برطانیہ کی عدالت سے آیسا فیصلہ آیا کہ ان کی زبانیں بند ہو گئی، حکومت کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ اب ہم کیا کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ہم پر جھوٹے مقدمات نہ بنتے تو لوگوں کو کیسے پتہ چلتا سچ اور جھوٹ کیا ہے، ظالم مٹی میں دفن کرکے بھول جاتا ہے لیکن یہ محنت ضائع نہیں ہوتی بلکہ بیج بن کر ایک تناور درخت کی شکل لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چند سال کے اقتدار کا سودا نہیں کیا، مسلم لیگ(ن) لمبی ریس کا گھوڑا ہے، ہمارا مستقبل ماضی سے بھی زیادہ شاندار ہے، پارٹی میں جہاں جہاں اختلاف ہونگے دشمن کا وار کامیاب ہو گا، اختلافات بھولا کر الیکشن لڑا تو ہمیں فتح ملی، پارٹی کا نقصان ہر شخص کا نقصان ہوتا ہے، پوری جماعت نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہوجائے تو پھرفری اینڈ فئیر الیکشن ملے گا، ظالم پلیٹ میں رکھ کر حق نہیں دے گا حق لینا پڑتا ہے۔