راولپنڈی:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جھگڑے ورکرزکے نہیں قیادت کے ہیں،یہ جھگڑے ختم ہونے چاہیئں ،ہاتھ جوڑ کر درخواست ہے کہ پنجاب،کے پی،سندھ،کراچی میں مقامی قیادت کے جھگڑے ہیں اور یہ جھگڑے ختم کرکے پارٹی میں اتحاد آنا چاہیئے۔
راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع اور قومی اسمبلی میں (ن) لیگ کے رکن خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کے طول وعرض میں نواز شریف کی محبت کا سمندر رواں دواں ہے ، پانچ سال عوام کی خدمت کی۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ن لیگی ورکرز سے عرض ہے کہ مہربانی کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں کیونکہ انتخابات کسی وقت بھی آسکتے ہیں،یہ تبدیلی نہیں ملک کی تباہی کا علمبردار ہے، مہنگائی، بے روزگاری سے عوام تنگ آ چکے ہیں۔
خواجہ آصف نے (ن)لیگی ورکرز کو کہا کہ نواز شریف کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں،یہ وقت کی ڈیمانڈ ہے اور وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ،آپ اتحاد کامظاہرہ کریں، انشاء اللہ کامیابی آپکا مقدر بنے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دی ،اسی لئے کینٹ بورڈ الیکشن میں کامیابی ملی ،کینٹ الیکشن میں 73 فیصد ووٹ موجودہ حکمرانوں کے خلاف پڑا۔