اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان سرٹیفائیڈ چور ہیں، لوگوں کو چور کہتے کہتے اپنی چوری نہیں چھپا سکتے، انہوں نے خود کہا تھا پٹرول، آٹا، بجلی مہنگی ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ چیئرمین نیب کو توسیع دی گئی تو ردعمل دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ افغانستان کےسیاسی اوراندرونی معاملات سے پاکستان کودوررہناچاہیے، ہمسایہ ملک کے فیصلوں کااختیار افغان عوام پرچھوڑدیاجائے۔ افغانستان ایک خودمختار ملک ہے، اس کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن حکومت کی نالائقی کی نشاندہی کر رہا ہے، الٹا حکومت الیکشن کمیشن پر ہی الزام لگا رہی ہے، یہاں تک کہ الیکشن کمیشن کےممبران کوادارے کےسربراہ کیخلاف نوٹس لینےکاکہاگیا۔ انتخابی اصلاحات کوغیرموثرسمجھتی ہوں،اب الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آرٹی ایس جیسی دوسری کہانی گھڑی جارہی ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کنٹینر پر عمران خان کے بھاشن سن سن کرعوام کےکان پک گئے، آج عوام کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے، اپوزیشن کوعوام کےدکھ درد کی آواز اٹھانی چاہیئے۔ جاوید لطیف شوکاز نوٹس پر جواب دے دیں گے، اظہارآزادی رائے کاحق سب کوہے لیکن پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔