ملتان: پی ایچ اے کی عدم دلچسپی، پارکوں کے جھولوں کیساتھ ٹریک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Published On 27 September,2021 10:31 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی فنڈز کی عدم دستیابی کو جواز بنا کر پارکوں کی صورتحال کو ٹھیک کرنے کو تیار نہیں، جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر پارک اجڑ نے پر ٹمبر مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے پارکوں کے درخت کاٹنے شروع کر دئیے۔

ملتان میں پی ایچ اے کی عدم دلچسپی کے باعث شاہ شمس پارک، قاسم پارک اور جناح پارک کے جھولوں کیساتھ ٹریک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے جبکہ جھیل اور فوارے گزشتہ کئی ماہ سے ہی بند پڑے ہیں تاہم رہی سہی کسر عملے کی ملی بھگت سے ٹمبر مافیا نےبڑی تعداد میں درخت کاٹ کر پوری کر دی ہے، جس کے حوالے سے متعلقہ حکام کوئی بھی انکوائری کرنے کو تیار نہیں، جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لے کر پارکوں کی صورتحال کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چئیرمین پی ایچ اے کا موقف ہے فنڈز کی عدم دستیابی پارکوں کی تزئین و آرائش میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اسی لیے پارک کو ٹھیک کرنے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے تاہم پہلے سے کاٹے گئے درختوں کی نیلامی کر کے پارکوں کو خوبصورت بنانے کی کاوشیں کر رہے ہیں۔

میپکو نے لکڑ منڈی پارک میں بل کی عدم آدائیگی پر بجلی کا کنکشن ہی منقطع کر دیا ہے، جس کو بحال کرانے کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام نے تاحال کوئی سنجیدہ اقدمات نہیں کیے۔