ملتان : دکانداروں نے مصالہ جات کی قیمتیں 15 فیصد تک بڑھا دیں، گھی اور چاول بھی مہنگے

Published On 17 August,2021 09:10 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی عدم دلچسپی کے باعث دکانداروں نے مصالہ جات کی قیمتیں دس سے پندرہ فیصد تک بڑھا دی ہیں، چاول اور گھی کی قیمت میں بھی خودساختہ اضافہ کر دیا۔

ملتان میں اکتالیس پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی فوٹو سیشن کارکردگی صرف زبانی جمع خرچ ہے جس کی وجہ سے کمشنر نے تمام مجسٹریٹس کو شوکاز بھی دئیے لیکن اس کے باوجود ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں نہیں ہو سکیں، اسی لیے موجودہ صورتحال میں دکانداروں نے مصالحہ جات کی قیمتیں دس سے پندرہ فیصد جبکہ چاول، گھی کیساتھ دودھ اور دھی کی فی کلو قیمت بھی دس روپے تک بڑھا دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی تا حال تسلی بخش نہیں اسی لیے مختلف محکموں کے مزید افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے تاکہ کنٹرول ریٹ پر ہی اشیائے خورونش کی دستیابی یقینی بنا سکیں۔

موجودہ صورتحال میں مختلف سبزیاں بھی کافی حد تک مہنگی کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے قوت خرید کم ہونے پر شہریوں کی اکثریت پریشان ہے۔