اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کی ریکارڈ وصولی موجودہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کا عکاس ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی کامیاب حکمت عملی کے ثمرات آنے لگے، مالی سال 2021-22 کے آغاز سے ہی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کو عبور کرنا خوش آئند ہے، اگست 2021 میں 434 ارب کا ریونیو جمع ہوا جو ٹارگٹ 349 ارب سے 85 ارب زیادہ ہے، 2020 گزشتہ سال میں 300ارب کا ٹیکس جمع ہوا تھا۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ جولائی اگست 2021 دو ماہ میں 850 ارب کا ریونیو اکٹھا کیا گیا، 2020 جولائی اگست میں 603 ارب کا ریونیو جمع ہوا تھا، 2021-22 کے پہلے دو ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، ن لیگ دور میں ریفنڈ روک کر، ایڈوانس ٹیکس وصول کر کے مصنوعی اعداد و شمار جاری کیے جاتے تھے، ہم نے گذشتہ مالی سال میں 364 ارب کے ریفنڈ دیئے، پی ٹی آئی حکومت میں سمگلنگ کی روک تھام سمیت دیگر اقدامات سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوا ہے۔