افغانستان میں استحکام کیلئے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے: شاہ محمود قریشی

Published On 31 August,2021 12:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان تاریخ کے اہم ترین موڑ پر ہے، پڑوسی ملک میں استحکام کیلئے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے، طالبان قیادت کے بیانات حوصلہ افز اہیں۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کرتے ہوئے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے رواں سال تیسری ملاقات ہے، جرمن وزیر خارجہ سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات ہوئی، پاکستان اور جرمنی کے دو طرفہ تجارتی تعلقات ہیں، اقتصادی تعلقات کے علاوہ عوامی سطح پر روابط مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے استحکام کیلئے تعاون کرنا ہوگا، افغانستان تاریخ کے اہم موڑ پر ہے، جرمنی کو سی پیک مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

جرمن وزیر خارجہ نے افغانستان سے انخلا میں مدد کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی افغانستان میں ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کر رہا ہے۔