اسلام آباد: (دنیا نیوز / عمر جٹ) فواد چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے، غیر ملکی صحافیوں میں بھارتی جرنلسٹ بھی شامل تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے غیر ملکی صحافیوں کے واہگہ کے راستے پاکستان آنے پر پابندی کا بھارتی فیصلہ انتہائی قابل مذمت، افسوسناک اور مودی حکومت کے ان دعووں کی نفی ہے جو اس کے وزیر خارجہ نے اعتدال پسندی، بات چیت اور عالمی قانون کے درس کے طور پر دنیا کو حال ہی میں دیا تھا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں مقیم غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روکنا بھارت کے اس خوف میں مبتلا ہونے کا واضح ثبوت ہے کہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کرسکتا، میڈیا کے پیشہ وارانہ امور میں رکاوٹ ڈالنا اور آزادانہ رپورٹنگ کے مسلمہ بین الاقوامی حق سے روکنا 5 اگست 2019 کے فسطائی، یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی انتہاء پسندانہ ذہنیت کا تسلسل ہے جس کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کا بنیادی حق استصواب رائے سلب کرنے کی کوشش کی گئی۔