اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا کچھ عرصہ پہلے مہلک وائرس کو شکست دینے کے قریب تھی، بھارت کی انتہا پسند حکومت کے اقدامات سے کورونا پھر پھیلنے لگا۔
وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب بنی نوع انسان کورونا وائرس کو شکست دینے کے قریب تھا، بھارت کی شدت پسند حکومت کے اقدامات ایک بار پھر ہمیں بیچ منجدھار لے آئے ہیں، ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے خلاف مودی حکومت کے ناکافی اقدامات کے باعث انسان دوبارہ وائرس کے رحم و کرم پر ہے۔
At the time when the world was close to victory in its war against #Corona irresponsible handling of #ModiJanta has again pushed us into a deep trouble, Indian extremist Govt failure led to #DeltaVariant spread and we are again at the mercy of Virus
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 31, 2021
ادھر سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ پر ردعمل میں فواد چودھری نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے، کووڈ پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں، صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں، اگر سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی۔