اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرنے پر انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے انہیں جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا، اب ان پر حملے کئے جا رہے ہیں جو ایک بزدلانہ فعل ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ جمہوریت اور اظہار رائے کا راگ الاپنے والے سندھ میں اپوزیشن رہنما کی آواز کو خاموش کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری سندھ حکومت اور حکومتی مشینری پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ اس طرح کی تمام بزدلانہ کارروائیاں صوبائی حکومت کی ایما پر کی جا رہی ہیں جن کا مقصد پیپلز پارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج سندھ کا انفراسٹرکچر تباہ حال جبکہ تعلیمی ادارے مویشیوں کے باڑے بن چکے ہیں۔ حلیم عادل شیخ سندھ کے عوام کی آواز بنتے رہیں گے۔