اسلام آباد: (دنیا نیوز) علی امین گنڈا پور کے بیان پر پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں احتجاج کیا اور نشستوں پر کھڑے ہوکر ارکان نے نعرے بازی کی۔
سینیٹ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے لاہور میں تمام مسلم ممالک کو اکٹھا کیا، آرمی آف پاکستان کو آرمی آف اسلام کہا اس کو آپ غدار کہتے ہیں، اگر یہی جاری رہا تو یہاں کوئی محفوظ نہیں رہے گا، ان کا تو کچھ نہیں یہ تو ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے، جیسے ان کے وزیر خزانہ چھوڑ کر چلے گئے۔
قائد ایوان کو بولنے کی اجازت دینے پر پیپلز پارٹی کے سینٹرز نے احتجاج کیا۔ سینیٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا ایوان میں رویہ دیکھ لیں، یہ جلسوں میں تقریروں کی بات کرتے ہیں، اگر ان کی یہی روش جاری رہی تو میں اپنے ارکان کو روک نہیں سکوں گا، انتخابی جلسوں میں ہونیوالی گفتگو اپوزیشن جماعتوں کی قیادت بھی کر رہی ہے، انہیں بھی معافی مانگنی چاہیے۔