اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہے، اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بھی سچ بنا کر پیش کئے جا رہے ہیں، جھوٹ بریگیڈ کی حکومت جلد رخصت ہونے والی ہے، اب یہ آر ٹی ایس سے الیکشن چرانا چاہتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں، مہنگائی سے غریب کا چولہا بج رہا ہے، 95 فیصد عوام کا برا حال ہے، یہ صرف امیروں کی حکومت ہے، امیروں کی گاڑیاں اور کاروبار چل رہے ہیں جبکہ غریبوں کا چولہا بھج چکا، آج امیر بڑے بڑے ہوٹلوں سے کھانا کھا رہے ہیں، غریب بچوں کو دیہاڑیوں پر لگانے پر مجبور ہوگئے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جو پاکستان آپ نے بنایا ہے، یہ 5 فیصد اشرافیہ کا پاکستان ہے، 5 فیصد اشرافیہ کے بڑے بڑے کاروباروں کو 95 فیصد عوام کی زندگی سے تعبیر نہیں کرسکتے، عام آدمی کے گھر بجلی کا بل آتا ہے تو صف ماتم بچھ جاتا ہے۔