مون سون: وادی نیلم میں طوفانی بارشیں، 14 گھر تباہ، 20 کو جزوی نقصان

Published On 13 July,2021 10:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں طوفانی بارشوں سے 14 گھر تباہ اور 20 کو جزوی نقصان پہنچا، میاں بیوی سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے۔

بالائی علاقے وادی نیلم میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ رات سالخلہ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد برساتی نالے میں طغیانی آگئی، جس سے قریبی رہائشی مکانات بھی سیلابی ریلے کی زد میں آگئے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں خاتون اور کم سن بچی زخمی ہوئی جبکہ 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ سیلابی ریلے نے املاک کو بھی نقصان پہنچایا، 14 مکانات مکمل تباہ ہوئے جبکہ متعدد جزوی متاثر ہیں۔ سالخلہ میں امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں، جہاں لاپتہ افراد کی تلاش کے ساتھ ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بھی پنجاب میں سیالکوٹ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں میر پور خاص، سکھر، لاڑکانہ میں بھی بارش کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔