اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ 1970 کے علاوہ تمام انتخابات میں دھاندلی ہوئی، ای ووٹنگ سے دھاندلی ختم ہو جائے گی، اپوزیشن ہار بھی جائے تو مانے گی، الیکشن شفاف ہوئے۔
وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرے، ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، پیپر لیس نظام آنے سے فراڈ ختم ہو جاتا ہے، آن لائن نظام سے زمینوں کا ریکارڈ محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت قانون پر بہت دباؤ ہے، ہم بھی شکایت کرتے ہیں کہ وزارت قانون میں فائل جاتی ہے تو پتا نہیں چلتا کہاں گئی، فائل گم ہو جاتی ہے، زمینوں کی فائلوں کو آگ لگ جاتی ہے، عدالتوں میں آدھے کیسز زمینوں کے ہوتے ہیں، اگست تک اسلام آباد کے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹر رائزڈ ہو جائیں گے، وراثتی سرٹیفکیٹ کے حصول کو بہت سادہ بنا دیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے انقلاب آگیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی شمولیت کیلئے بھی نظام لانا چاہتے ہیں، الیکشن میں بھی چاہتےہیں اوورسیزپاکستانی شامل ہوں، 90 لاکھ پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، ان کی ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے۔