اسلام آباد: (دنیا نیوز) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک بڑی ترجیح ہے، اب فیز ٹو میں جا رہے ہیں، منصوبوں پر کام رکا نہ سست روی کا شکار ہے، چینی سرمایہ کاروں کا اعتماد کم نہیں ہوا، کسی کی طرف دیکھے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ہر منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں، آپریشنل ایشوز پر بھی ہماری نظر ہے، سی پیک فیز ون میں 1200 نوکریاں آچکی ہیں، کورونا سی پیک کیلئے بڑا امتحان تھا، کامیابی سے نکل گئے۔
عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک چین زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی مشترکہ نیٹ ورک بنا رہے ہیں، چینیوں نے وزیراعظم سے اکنامک زون میں زمین دینے کا کہا، گوادر پورٹ کا قومی اور مقامی معیشت پر بڑا اثر ہے، بلوچستان کے مغربی روٹس کے علاقوں میں روزگار کے مسائل ہیں، اسلام آباد سے کوئٹہ، خضدار سے سندھ لنک ہونے سےغربت کم ہوگی، چین کی ایک ڈالر سرمایہ کاری سے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ بنے گا، ماہی گیروں کیلئے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔