سینیٹ میں اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود سی پیک اتھارٹی بل منظور

Published On 27 May,2021 07:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود سی پیک اتھارٹی بل منظور کرلیاگیا، ایوان بالا کو بتایا گیا کہ پاکستانی حجاج کرام کے لئے چینی ویکسین رکاوٹ نہیں بنے گی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا۔ سینٹ میں اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود سی پیک اتھارٹی بل منظور کر لیا گیا۔

بل کی منطوری کے عمل میں اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا۔ حکومت سی پیک اتھارٹی کے قیام سے متعلق بل کا ضمنی ایجنڈا لے آئی اور وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان کی بل ایوان میں پیش کرنے کی کوشش کی تواپوزیشن اراکین نے بل پیش کرنے کی کوشش پر احتجاج اور واک آوٹ کیا، مخالفت پر بل وفاقی وزیر شبلی فراز نے پیش کیا جس کی منظوری دے دی گئی۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں اسوقت وینٹی لیٹرز کی کوئی کمی نہیں ہے، کورونا کی تیسری لہر میں وینٹی لیٹرز کے بجائے آکسیجن بیڈز کی زیادہ ضرورت ہے۔ سعودی حکام کاحاجیوں کے لازمی ویکسین فہرست سے چینی ویکسین کوخارج کرنے کے معاملے پر ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے سعودی حکام سے رابطہ کیا ہے،پاکستان میں سعودی سفیر نے بھی حجاج کرام کے لئے چینی ویکسین کے معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ابھی سعودی حکام نے حج کوٹہ جاری نہیں کیا۔

وفاق میں مختلف بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بلوچستان ممبرز کی عدم تعیناتی اور چئیرمین ارسا کے رویے پر اپوزیشن نے مشترکہ واک آؤٹ کیا۔

سندھ کے پانی میں کٹوتی کے معاملے پر رضا ربانی نے کہا کہ ارسا اجلاس میں تین ممبران نے ٹی پی لنک کینال کھولنے کی مخالفت کی سندھ بلوچستان اورخیبر پختونخواہ کے ارسا ممبران نے مخالف میں ووٹ دیا۔

ارسا چیئر مین نے ایک ممبر کی حمایت پر ٹی پی لنک کینال کھولا، چیئرمین ارسا باقی صوبوں کے ممبران کی بات نہیں سنتے۔