گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب، وزیراعظم عمران خان کی شرکت

Published On 05 July,2021 11:56 am

گوادر: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

  وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزراء اسد عمر، فواد چودھری، شاہ محمود قریشی اور زبیدہ جلال بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان گوادر فری زون ایکسپو سینٹر، ایگری کلچرل انڈسٹریل پارک کیساتھ 3 فیکٹریوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کیلئے سولرائزیشن کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیراعظم غیر ملکی سفیروں، سرمایہ کاروں اور چینی ورکرز سے خطاب کریں گے۔

تقریب سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصلم سلیم باجوہ نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے، 2200 ایکڑ پر سنگ بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کی جائے گی، گوادر میں فیز ون مکمل ہوچکا، منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، گوادر پورٹ ترقی کے مختلف مراحل سے گزر کر فعال ہوچکا، 13 سال گوادر فری پورٹ پالیسی کا اجرا نہ ہوسکا، گواد رپورٹ کیساتھ ساتھ شہر میں ترقی کا سفربھی جاری ہے۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت شہر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جدید ہسپتال، ایئر پورٹ، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر جاری ہے، سی پیک کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے سرگرم ہیں۔