پاکستان میں دہشتگردی کی پھرمنصوبہ بندی اورمالی اعانت انڈیا سے ہوئی، وزیراعظم

Published On 04 July,2021 07:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور دھماکے کے شواہد پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گھناؤنے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی اور استعمال ہونے والے سرمائے کی کڑیاں پاکستان کیخلاف بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی سے ملتی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ میں نے آج اپنی ٹیم کو جوہر ٹاؤن، لاہور میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات سےقوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پنجاب پولیس کے شعبہ انسدادِ دہشتگردی نے جس محنت اور رفتار سے شواہد اکٹھے کئے وہ قابل تحسین ہے۔ میں اپنے تمام عسکری وسول انٹیلی جنس اداروں کے مابین عمدہ کوآرڈینیشن کو سراہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کوآرڈینیشن نے دہشتگردوں اور ان کے عالمی روابط کی نشاندہی کی راہ ہموار کی۔ پھر سے اس گھناؤنے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی اور استعمال ہونے والے سرمائے کی کڑیاں پاکستان کیخلاف بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی سے ملتی ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بدمعاشی کیخلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائے۔