حکومت کا ملکی سطح پر 'کامیاب پاکستان' پروگرام فوری شروع کرنے کا اعلان

Published On 03 July,2021 12:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ملکی سطح پر 'کامیاب پاکستان' پروگرام فوری شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ شوکت ترین نے کہا کہ نچلے طبقے کے 40 لاکھ خاندانوں کو پروگرام میں شامل کریں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، قومی بینک کے سربراہ اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ ہو گیا، ہاؤسنگ منصوبے، سکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضوں کو کامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائیگا، ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ بنایا جائیگا، حکومت نے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا، 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائیگا۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا، حکومت ہر خاندان میں سے 1 فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی، منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو لو کاسٹ ہاوسنگ سکیم میں شامل کیا جائیگا، مائیکرو فنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے ہوگا، وزیراعظم نے ملک گیر سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے، نوجوانوں اور کسانوں کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی منصوبے سے براہ راست فائدہ اٹھا سکے گا، وزیر خزانہ سے مشاورت مکمل کر لی، پروگرام چند دنوں میں لانچ کر دیا جائیگا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ نچلے طبقے کے 40 لاکھ خاندان کو کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کریں گے، کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کیلئے مالی مدد دیں گے، صوبوں کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس میں شامل کیا جائیگا۔