ٹرین واقعہ پر انتہائی افسردہ، معاونت کیلئے تیار ہیں: کامران بنگش

Published On 07 June,2021 01:14 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا ہے کہ ٹرین واقعہ پر انتہائی افسردہ ہیں، معاونت کیلئے تیار ہیں۔ گزشتہ تین سال میں ڈھائی ارب روپے ہیومن ریسورس کی مد میں جامعات کو دئیے، یونیورسٹی ملازمین کا احتجاج ختم کرنا خوش آئند ہے۔

پشاور میں میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی اطلاعات واعلیٰ تعلیم کامران بنگش کا کہنا تھا کہ گھوٹکی ٹرین واقعے پر صوبائی حکومت انتہائی افسردہ ہے،ٹرین واقعہ سے متعلق ہر قسم معاونت کے لیے تیار ہیں ،گزشتہ روز کل جامعہ کے ملازمین کیساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے،اساتذہ کے مطالبہ پر جنوری میں لکھےخط کو معطل کیا گیا۔ جامعہ ملازمین کی جانب سے احتجاج ختم کرنا نیک شگون ہے،گزشتہ تین سال میں ڈھائی ارب روپے ہیومن ریسورس کی مد میں جامعات کو دئیے، کامران بنگش کا کہنا تھا کہ گورنر شاہ فرمان، وزیراعلی محمود خان اور پی ٹی آئی سٹوڈنٹس ونگ کا جامعات ملازمین کو درپیش چیلنجز حل کرنے کے حوالے سے کردار اہم ہے۔

ایم پی اے پیر فدا ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے جامعات کو درپیش چیلنجز پر نظررکھی ہے، ہمیشہ کی طرح اساتذہ کرام اوردیگر ملازمین کے ساتھ مل کرسفارشات لے کر آئیں گے۔ محکمہ اعلی تعلیم اور جامعہ ملازمین کا چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کردار مثبت ہے۔