لاہور: (دنیا نیوز) صادق آباد ٹرین حادثے کا ذمہ دار اکبر ایکسپریس کے ڈرائیور کو قرار دے دیا گیا۔ حادثے کی جوائنٹ رپورٹ دنیا نیوز کو مل گئی۔ اوورسپیڈ اور غیر ذمہ داری کے باعث حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد میں سے بیشتر کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
حادثے کی جوائنٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکبر ایکسپریس کے ڈرائیور نے سگنل ریڈ ہونے کے باوجود ٹرین نہیں روکی۔ اوورسپیڈ اور غیر ذمہ داری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ جوائنٹ رپورٹ سگنل، انجینئرنگ، سول اور مکینکل برانچز نے مل کر تیار کی۔
ادھر صادق آباد میں اکبر ایکسپریس کو پیش آنیوالے المناک حادثے کے دوسرے روز امدادی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ریسیکو آپریشن کے دوران لوپ لائن سے حادثے میں تباہ ہونیوالی ٹرین کا ملبہ ہٹا دیا گیا ہے۔
ریلوے کی امدادی ٹیم نے ٹوٹی ہوئی پٹڑی بھی تبدیل کر دی ہے جبکہ ریسیکو اہلکاروں نے سیکنڈری سرچ آپریشن بھی مکمل کر لیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے مسافروں میں سے بیشتر کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔