رحیم یار خان: (دنیا نیوز) اکبر ایکسپریس حادثے کی ایک اور زخمی خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئی، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی۔
100 سے زائد زخمیوں کو رحیم یار خان اور صادق آباد کے ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جہاں ایک اور زخمی خاتون دم توڑ گئی۔ حادثے کی جگہ سے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے، ملبے سے ایک پانچ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی۔
اکبر ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات ٹرین کی مال گاڑی سے ٹکرانے کی وجہ سامنے آگئی جس کے مطابق اسٹیشن ماسٹر نے مین لائن کا گرین سگنل دے کر کانٹا لوپ لائن کا دے دیا۔ ڈرائیور اسسٹنٹ سمیت بریک لگا کر پیچھے بھاگ گئے اور حادثہ ہوگیا۔
اکبر ایکسپریس گذشتہ روز رحیم یار خان کے قریب ولہار اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں مسافر ٹرین کا انجن اور تین بوگیاں مکمل تباہ ہوگئیں جبکہ کئی بوگیوں کو شدید نقصان ہوا، حادثے کی ابتدائی رپورٹ آج پیش کی جائے گی۔