اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کا خصوصی طیارہ دس لاکھ سائنو فارم ویکسین لیکر پاکستان پہنچ گیا۔ جون میں کین سائنو، سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین کی ایک کروڑ دس لاکھ خوراکیں ملیں گے۔
اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 7 جون سے کھول دئیے جائیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے شہریوں سے وباء کے مزید پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ویکسینیشن کروانے کی اپیل اور کہا کہ ملک میں جاری ماس ویکسینیشن مہم میں سہولیات بڑھانے کے ساتھ ساتھ ویکیسن کی بلا تعطل سپلائی بھی جاری ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 84 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 189 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 923 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 41 ہزار 789، سندھ میں 3 لاکھ 22 ہزار 350، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 34 ہزار 72، بلوچستان میں 25 ہزار 589، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 629، اسلام آباد میں 81 ہزار 626 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 456 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار 172 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 393 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 60 ہزار 385 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 452 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 84 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 189 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 241، سندھ میں 5 ہزار 105، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 135، اسلام آباد میں 763، بلوچستان میں 287، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 551 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔