لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا سے بچاؤ کی حکمت عملی تیار کرلی، یومیہ 4 لاکھ 20 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ رکھا، رواں سال کے اختتام تک صوبے کے7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا پلان ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب کو جون تک یومیہ 4 لاکھ 20 ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا ٹارگٹ مل گیا، صوبے میں 6 کروڑ 27 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگنا باقی ہے، پنجاب میں اب تک 43 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی، پنجاب میں 18 سال سے زائد عمر کی صرف 6 فیصد آبادی کو ویکسین لگی ہے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ رواں سال میں ڈیرھ ارب روپے سے ویکسین کی خریداری کا عمل جاری ہے، وفاق کی جانب سے وافر مقدار میں ویکسین مل رہی ہے، ویکسین کی کوئی قلت نہیں، ٹیچرز، میڈیکل سٹوڈنٹس، فرنٹ لائن ورکرز و دیگر گروپس کی بھی ویکسینیشن شروع کی جا چکی ہے، پاکستان میں صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ ویکسین کی جا رہی ہے۔