محکمہ اوقاف نے صوبہ پنجاب کے تمام مزارات زائرین کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا

Published On 04 June,2021 09:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ اوقاف نے آج سے صوبہ بھر کے مزارات زائرین کیلئے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری اوقاف پنجاب نبیل جاوید نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ سنی تنظیمات کے مشترکہ پلیٹ فارم تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیر اہتمام دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پارک، ہوٹل اور کالج کھول دئیے گئے، اب تک مزارات کو بند رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ 6 جون تک مزارت کو کھولا جائے ورنہ 7 جون کو محکمہ اوقاف کے باہر مزارات بند رکھنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور 10 جون کو مزارات خود کھول دیئے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ مسجد اقصیٰ اہل اسلام کا قبلہ اول ہے۔ اس کی آزادی، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور فلسطینیوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے مسلم امہ کے حکمرانوں کو متفقہ اور موَثر لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کرنے چاہیں۔