پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں نویں اور گیارہویں کی کلاسز کا بھی آغاز ہوگیا، طلبا سکول پہنچ کر بہت خوش نظر آئے۔
این سی او سی سفارشات کی روشنی میں صوبے بھر میں نہم اور گیارہویں کا تدریسی عمل شروع ہوگیا۔ ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا، اس سے پہلے یکم جون سے دہم اور بارہویں کی کلاسیں شروع ہوچکی ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 92 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 22 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 26 ہزار 695 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 40 ہزار 989، سندھ میں 3 لاکھ 20 ہزار 488، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 33 ہزار 450، بلوچستان میں 25 ہزار 370، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 608، اسلام آباد میں 81 ہزار 446 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 344 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 33 لاکھ 67 ہزار 920 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 523 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 52 ہزار 574 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 630 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 92 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 22 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 132، سندھ میں 5 ہزار 73، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 113، اسلام آباد میں 763، بلوچستان میں 258، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 548 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔