کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور آندھی سے حادثات، 4 افراد جاں بحق

Published On 18 May,2021 05:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش سے کے الیکٹرک کا نظام ٹھپ ہوگیا۔ مختلف حادثات میں چار افراد جان سے گئے۔ اورنگی ٹاؤن میں پول گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کے الیکٹرک کے مطابق کم از کم 300 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔

کراچی میں باران رحمت برسے اور بجلی نہ جائے ایسا ممکن نہیں، شہر میں تیز آندھی کے الیکٹرک کا نظام بھی لے اڑی۔ طوفانی ہواؤں اور بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔

پی آئی بی، سہراب گوٹھ، صفورا، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی ای سی ایچ سوسائٹی، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہ فیصل، نیو کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، ناظم آباد میں بھی بجلی غائب رہی۔

کے الیکٹرک حکام نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا ہے کہ احتیاطی
طور پر فیڈرز بند کیے گئے ہیں، صورتحال معمول پر آنے کے بعد فیڈرز بتدریج کھول دیئے جائیں گے۔ کےالیکٹرک کی فیلڈ ٹیمیں بجلی بحالی کےلیے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔

دوسری جانب طوفانی ہوائیں اور تیز بارش کے باعث دیوار گرنے اور دیگر حادثات میں بچے اور خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثات بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، شیر شاہ اور اورنگی ٹاؤن میں پیش آئے۔

آئی آئی چندریگر روڈ اور راشد منہاس روڈ پر سائن بورڈز گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔ طوفانی ہوائیں چلنے سے سکیم 33 گلزار ہجری میں درخت کر گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔