پاکستان نے 22 ممالک پر عائد سفری پابندیوں کی مدت میں توسیع کردی

Published On 04 April,2021 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وجہ سے 22 ممالک پر عائد سفری پابندیوں کی مدت میں بیس اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے یہ فیصلہ کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے خطرات بڑھنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

سفری ہدایت نامے کی کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ اس میں این او سی کے بغیر ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔

جنوبی افریقا، بزایل، زمباوے، کینیا اور تنزانیہ سمیت 22 ممالک سے آنے والوں کی آمد این سی او سی سے مشروط رکھی گئی ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ، نائیکوپ اور پی او سی کارڈ ہولڈرز پاکستانی بھی وطن واپس نہیں آ سکیں گے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کٹیگری اے کے ممالک کی تعداد کم کرکے 20 کر دی ہے۔ کٹیگری اے میں شامل ممالک جن میں آسٹریلیا، چین اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک شامل ہے، ان سے آنے والوں کو کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں ہے۔

تاہم کٹیگری بی میں شامل ممالک کے مسافروں کے لئے پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 72 گھنٹے رکھا گیا ہے۔