دوحہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی قطر کے وزیراعظم عزت مآب خالد بن خلیفہ سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں قطر میں پاکستانی مین پاور بڑھانے اور داخلی سلامتی کے امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قطر کا افغانستان کے پائیدار امن میں کردار بہت مثالی ہے۔ افغانستان مین پائیدار امن پاکستان اور قطر کا دیرینہ مقصد ہے۔ افغانستان کے امن میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کا سہرا قطر کے سر ہے۔
قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت بڑھانے کا بے پناہ سکوپ موجود ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔
وزیر داخلہ نے قطر کے وزیراعظم کو پاکستانی ہم منصب عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچایا۔
خیال رہے کہ شیخ رشید احمد گزشتہ روز قطر کے تین روزہ سرکاری دورے پر دوحۃ پہنچے تھے۔ وزیر داخلہ نے آج ملی پول قطر بین الاقوامی نمائش میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے پاکستانی نمائشی سٹال کا دورہ کیا اور مصنوعات دیکھیں۔ وزیر داخلہ بدھ کو واپس اسلام آباد پہنچیں گے۔