پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے خطے میں پائیدار امن کی بحالی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنیوالے فرنٹیئر کور (نارتھ) سمیت آرمی فورسز کے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام امن کیلئے افسروں اور جوانوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکائوٹس ٹریننگ اکیڈمی ورسک پشاور میں فرنٹئیر کور کے 28ویں بیچ کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے فرنٹئیر کور تربیت مکمل کرنے والے 28ویں بیچ کے پاسنگ آٹ پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایف سی نارتھ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی مسلح افواج میں شامل ہونے پر نو تربیت یافتہ فرنٹیئر کور کے جوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ شیخ رشیدہ احمد نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پاکستان میں امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا میں امن کیلئے فرنٹیئر کور کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور کمانڈنٹ اسکائوٹس ٹریننگ اکیڈمی نے پریڈ کا جائزہ لیا۔ تربیت مکمل کرنے والے فرنٹئیر کور کے اہلکاروں نے مادر وطن کے دفاع کا حلف لیا۔ مہمان خصوصی نے امید ظاہر کی کہ نئے ریکوریٹس بھرپور لگن ، وفاداری اور انتہائی محنت سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ فرنٹیئر کور(ایف سی)نے امن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ایف سی کی تاریخ قربانیوں اور بہادری سے بھری پڑی ہے، تربیت سے جوانوں کو ڈیوٹی لائن میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے یادگار شہدا پرپھولوں کی چادر بھی چڑھائی،ایف سی کے چاک وچوبند دستے نے عظیم ہیروز کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سلامی دی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم کو ان ہیروز پر فخر ہے جنہوں نے وطن عزیز کی دفاع کیلئے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے مسلح افواج معاشرے کو دہشت گردی سے پاک کررہی ہیں، ایف سی خیبر پختو نخوا کوحکمت عملی سے پاک افغان سرحد کے ساتھ ساتھ وسیع رقبے پر تعینات کیا گیا ہے،پاک فوج سرحدی علاقوں اور قبائلی علاقوں میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے، ہماری افواج ملک کے وقار اور سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کے چیلنج کے لئے پوری طرح تیار ہیں،ایف سی حکومت اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ریاست کے دشمنوں کے خلاف اور ضم شدہ قبائلی علاقوں اوربندوبستی اضلاع میں بھی حکومت کی رٹ برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے،بھرتی ہونے والے دستے ایف سی کے پی اور مقامی قبائلیوں سے ہیں ، اس طرح یہ فورس مقامی لوگوں پر مشتمل ہے ، جس سے دور دراز ترقی پزیر علاقوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا ہوتاہے۔
آخر میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے۔