اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم کیا، افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہو رہی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فورسز ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چوکس ہیں۔ لاہور اور کراچی میں دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں۔
شیخ رشید مستونگ اور وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے اہم کمانڈرز کے مارنے جانے پر ردعمل دے رہے تھے۔ انہوں نے دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے دہشت گرد دوبارہ منظم ہو کر پاکستان میں تخریبی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
گزشتہ شب مستونگ کے قریب سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جس کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب وزیرستان کے علاقون دتہ خیل اور زوئیدہ میں بھی سکیورٹٰی فورسز نے آپریشن کیا جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم کمانڈر شامل تھا، عبدالآدم نامی خطرناک دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف 20 سے زائد کارروائیوں میں ملوث تھا۔