اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت گمشدہ افراد کی جلد بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، وزارت قانون گمشدہ افراد کے حوالہ سے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے رہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ گمشدہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی ہے، بہت سے افراد کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گمشدہ افراد کے عزیز و اقارب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گمشدہ افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے،ہم اس کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گمشدہ افراد کی بازیابی کے لئے تمام ادارےعملی اقدامات کررہے ہیں، حکومتی کوششوں سے بہت سے گمشدہ افراد کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی کابینہ اجلاس میں گمشدہ افراد کے حوالے سے قانون لانے کا کہا ہے، وزارت قانون گمشدہ افراد کے حوالے سے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمشدہ افراد کی جلد سے جلد بازیابی کے لئے تمام حکومتی وسائل استعمال کریں گے۔