کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز کی گاڑی پر بم حملہ کی زد میں آکر ایک اہلکار شہید جبکہ آٹھ افراد زخمی، دو اہلکار بھی شامل، بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔
دہشتگردی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے سیل کر دیا۔
امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی اور انھیں ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق ابھی کسی تنظیم یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں ناصر، حنیف، اعجاز، عرفان، محبوب، یاسر اور وقاص ودیگر شامل ہیں تاہم شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ سے حکام کو آگاہ کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں چار سے پانچ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے لیے ریموٹ کنٹرول کے استعمال کا شبہ ہے۔ دھماکے سے چند منٹ قبل دو حملہ آوروں نے موٹر سائیکل لا کر کھڑی کی۔
تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک حملہ آور دور چلا گیا جبکہ دوسرا حملہ آور رینجرز موبائل آنے تک لوگوں کو دور کرتا رہا۔ دھماکا خیز مواد میں شامل بال بیرنگز کی تعداد زیادہ تھی۔