کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں رہائشی بلڈنگ میں دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں بلڈنگ کو دھماکے سے پھٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے بلڈنگ کے پلرز آ کر سڑک پر آگرے، دھماکا ہوتے ہی سڑک پر ٹریفک رک گئی۔ دھماکے کے فورا بعد مسکن چورنگی پر ملبے کا دھواں پھیل گیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے دھماکے کے وقت بینک کے باہر کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ چورنگی پر موجود موٹر سائیکل اور کار سواروں کو تیزی سے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نجی بینک میں گیس لیکج کے باعث دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے تھے۔
مسکن چورنگی کے قریب گلشن اقبال کے بلاک سیون میں واقع 105 فلیٹس پر مشتمل چار منزلہ عمارت کے گراونڈ فلور پر قائم نجی بینک میں دھماکا ہوا۔ پہلی منزل پر دو فلیٹس تباہ ہو گئے جبکہ ایک کو جزوی نقصان پہنچا۔
دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اپارٹمنٹ سے ملحقہ متعدد فلیٹس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے عمارت کا متاثرہ حصہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ ملبہ گرنے سے عمارت کے نیچے سے گزرنے والی گاڑیوں اور نچلے حصے میں واقع دو نجی بنکوں کو بھی خاصہ نقصان پہنچا۔