لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب افواج پاکستان سے متعلق بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیروز گاروں کا ٹولا آج جاتی امرا میں عوام کے خرچے سے کھابے کھا رہا تھا۔ پی ڈی ایم نے پاکستان کے ادارے افواج پاکستان کے خلاف بولا اور ملک کو کمزور کرنے کرنے کے لیے عمل دہرایا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان سے بھارتی وزیراعظم مودی کو خوش کیا۔ کوئی بھی محب پاکستانی اپنے ملک کے خلاف بات نہیں کرتا۔ یہ لوگ کرپشن کو بچانے کے لیے بلیک میل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم استعفوں کا شاپر بھر کر اجلاس میں لائے تھے لیکن مولانا فضل الرحمان ایک دفعہ پھر استعفوں کی تاریخ بتانے میں ناکام ہوگئے۔ بیروزگاروں کا ٹولہ عوام کے پیسوں کی تنخواہوں سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج مولانا کا بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے لیڈرز نے اجلاس میں ہاں میں ہاں ملائی۔ پیپلز پارٹی کا جو موقف تھا، وہ پی ڈی ایم کو لے ڈوبا۔ آج پی ڈی ایم کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم کو صرف وہ پارلیمنٹ چاہیے جس میں یہ جیت کر جائیں۔ پی ڈی ایم کو حکومت کا مفاد اس لیے قبول نہیں کہ وہ ان کی سوچ کی عکاسی نہیں کرتا۔