اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے باؤنسر سے (ن) لیگ اور مولانا فضل الرحمان کے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے خواب چکنا چور ہوگئے۔
وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ذاتی مفادات کیلئے بنائی گئی پی ڈی ایم کے غبارے سے پہلے ہی ہوا نکل چکی ہے، مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سیاست کے بارہویں کھلاڑی ہیں، ان کی سیاسی بے روزگاری میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع ہوچکی ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، مستحق افراد وزیراعظم کے دل کے انتہائی قریب ہیں، حکومت کی جانب سے پناہ گاہوں اور لنگرخانوں کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہیں، وزیراعظم کے ویژن کہ کوئی بھوک سے نہیں مرے گا پر عملدرآمد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔