کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کورونا کی علامات محسوس ہونے پر آج کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی۔ حلیم عادل شیخ نے کورونا مثبت رپورٹ آنے پر رضاکارانہ تنہائی اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11439 نمونوں کی جانچ کی گئی جس میں مزید 1102 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کورونا سے مزید 13 مریض انتقال کر گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2829 ہو گئی ہے۔ سندھ میں اب تک 1895238 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔ اب تک 163329 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 483 مریض صحت ہوئے۔