کراچی (دنیا نیوز) ڈاو یونیورسٹی کراچی کی بڑی کامیابی، کورونا کے علاج کی دوا کی تیاری اہم مرحلے میں داخل ہوگئی۔ جان بچانے والی دوا کے کامیاب کلینکل ٹرائل ڈاو یونیورسٹی میں جاری ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق آئی سی یو میں داخل کورونا کے انتہائی بیمار مریضوں کی ریکوری 60فیصد رہی جبکہ کورونا کے شدید بیمار مریضوں میں سی آئی وی آئی جی سے ریکوری 100فیصد رہی۔
ڈاؤیونیورسٹی نے انٹر اوینس امیونوگلوبیولن کا اعلان اپریل کے دوسرے ہفتے میں کیا تھا۔ انجیکشن کورونا سے صحتیاب مریضوں کے پلازما سے اینٹی باڈیز کشید کرکے تیار کیا جاتاہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار، ڈریپ نے میڈیکل ڈیوائس کی منظوری دیدی
پاکستان میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 603 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، بلوچستان میں 16 ہزار 699، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506، اسلام آباد میں 26 ہزار 177 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 51 لاکھ 41 ہزار 403 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 752 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 28 ہزار 931 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 613 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔