کراچی (دنیا نیوز) کراچی میں بڑھتے کورونا وائرس کیسز کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلع غربی اور وسطی کے مختلف علاقوں میں مائیکرواورسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ،محمد حسین گوٹھ اور گلشن معمار میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگایا گیا۔ ضلع وسطی کے 26 علاقوں میں عزیزآباد، علی آباد، کریم آباد، یاسین آباد شامل ہیں۔
دستگیر کالونی، ناظم آباد، اصغر شاہ اسٹیڈیم، شادمان ٹائون کے علاقے بھی سیل ہوں گے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق مائیکرواور سمارٹ لاک ڈاؤن 4 دسمبر تک نافذ رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں سکولز بند کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا
دوسری جانب وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں چوبیس گھنٹے میں کورونا وائرس سے مزید 17 مریضوں کے انتقال کرجانے کی تصدیق کردی ہے۔
کوروناوائرس کے حوالےجاری بیان میں وزیر اعلی سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 11ہزار537نمونے ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 1ہزار 199نئے کیسز سامنے آئے ۔ 17 مریضوں کا کورونا سے انتقال ہوا، چوبیس گھنٹے میں 382مریض صحتیاب ہوئے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 13ہزار 886 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 62مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔