فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہماری ایکسپورٹ بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، حکومت کا کام صنعتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے، مافیا نے گٹھ جوڑ کر کے چینی کی قیمت بڑھائی، جو جائز منافع کمائے اسے ٹیکس بھی دینا چاہیئے۔
وزیراعظم عمران خان نے صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا فیصل آباد میں ہائیکورٹ کے قیام کے مطالبے سے متفق ہوں، ہائیکورٹ ہر ڈویژن کی سطح پر ہونی چاہیئے، جو بلدیاتی نظام لیکر آ رہے ہیں یہ پاکستان کا بہترین بلدیاتی نظام ہوگا، پوری دنیا میں ہر شہر کا اپنا میئر ہوتا ہے، اس کا اپنا نظام ہوتا ہے، پوری دنیا میں بڑے شہروں کا میئر اپنی کابینہ بناتا ہے، میئر کے الیکشن براہ راست ہوں گے، ماضی کے تجربات سے سیکھ کر نیا بلدیاتی سسٹم لا رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام کو سہولتیں فراہم کرے، ایک دن مانچسٹر کہے گا فیصل آباد ہم سے آگے نکل گیا، صوبائی ترقیاتی فنڈز سے شہر ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کرنسی کی قدر گرنے سے مہنگائی آتی ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہماری حکومت کو بھی برا بھلا کہا گیا، سابق حکومت نے روپے کی مصنوعی قدر کو بر قرار رکھا، حکومت میں آئے تو 20 ارب ڈالر خسارے کا سامنا تھا، ہمارے باہر کے دوستوں نے مدد کی، دیوالیہ ہونے سے بچ گئے۔
وزیراعظم نے مزید کہا 60 کی دہائی میں پاکستان ترقی کرتی دنیا میں ایک ماڈل تھا، دبئی کے شیخ چھٹیاں منانے کراچی آتے تھے، 60 کی دہائی میں پاکستان ترقی کرتی دنیا میں ایک ماڈل تھا، 60 کی دہائی میں دنیا پاکستان کی مثال دیتی تھی، 60 کی دہائی میں پاکستان کا مقام تھا، امریکی صدر استقبال کیلئے آتا تھا، 60 کی دہائی میں ادارے بھی مضبوط تھے۔
عمران خان نے کہا کہ جائز طریقے سے نفع کمائیں، چینی مافیا کی طرح منافع نہ کمائیں، جو جائز منافع کمائے اسے ٹیکس بھی دینا چاہیئے، حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کام کر رہی ہے، چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کریں تاکہ غربت کم ہو، ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے انڈسٹری کو ترقی دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب ٹیکسٹائل سکلز کیلئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا گزشتہ 6 ماہ میں دنیا ایک مشکل ترین وقت سے گزری، اپنی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کورونا کے دوران غریب طبقے کو بچایا، ڈبلیو ایچ او نے پاکستان کی مثال دی ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ہے، فیصل آباد ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، کاروبار میں آسانی کیلئے سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، پنجاب میں 13 خصوصی اقتصادی زونز پر کام ہو رہا ہے۔