اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر کام کیا ہے، پاکستان میں الیکٹرونک ووٹنگ لا رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی سسٹم لا رہے ہیں، سینیٹ الیکشن میں خفیہ ووٹنگ ختم کر کے شو آف ہینڈ کیلئے ترمیم کی جائے گی، کوئی بھی برسر اقتدار حکومت ایسی اصلاحات نہیں لاسکتی۔
انتخابی اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا بھرپور اعتماد پر شکر گزار ہوں، گلگت بلتستان کی خواتین نے سرد موسم میں گھروں سے نکل کر فرض ادا کیا، گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دینی تھی، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا 2013 کے انتخابات میں سب نے کہا کہ دھاندلی ہوئی، پیپلز پارٹی نے 2013 کے انتخابات کو آر او الیکشن کہا تھا، تحریک انصاف نے کہا تھا صرف 4 حلقے کھول دیں، 4 حلقے کھلنے سے سب کچھ سامنے آ جانا تھا، 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ 2018 کے الیکشن کیلئے کیا تھا، ایک سال تک 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کرتے رہے، ایک سال بعد دھرنوں کا فیصلہ کیا، 4 حلقے نہ کھولنے پر ہم نے ڈی چوک میں 126 دن دھرنا دیا، صاف اور شفاف الیکشن کی مہم میں نے چلائی تھی، واحد کپتان تھا جو بھارت جا کر ان کے امپائرز کیساتھ میچ جیت کر آیا۔