اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی، معاشی، کورونا، سیکورٹی اور سرحدی صورتحال پر غور ہوگا۔
وفاقی کابینہ 14 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری کابینہ ایجنڈا کا حصہ ہے۔ کابینہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین اور ممبران کی تقرری کی منظوری دے گی۔
پریس کونسل پاکستان کے ممبران کے نوٹیفکیشن کی منظوری کابینہ دے گی۔ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ کورونا سے بچاؤ اور سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق آرڈیننس میں اختیارات کی فراہمی کی منظوری کابینہ دے گی۔
اہم پبلک سیکٹر انٹرپرائزیز کے سی ای اوز کی تقرری کے عمل پر بریفنگ کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 28 اکتوبر اور 4 نومبر کے فیصلوں کی توثیق کریگی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کیسز کے 21 اکتوبر اور 5 نومبر کے فیصلوں کی بھی توثیق کریگی۔
کابینہ اجلاس میں کورونا سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے اشیاء کی امپورٹ پر ڈیوٹی اور ٹیکس معافی کی منظوری دی جائے گی۔ نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایکڈمک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری اور پاکستان میڈیکل اتھارٹی کا قیام کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ویزہ پالیسی کی سٹریم لائننگ پر وزارت داخلہ کابینہ کو بریفنگ دے گی۔